22/05/2026
لڑائی جھگڑے کے دوران بچیوں کے باپ سے قتل ہو گیا، یعنی اس کے ہاتھوں ایک شخص جان سے چلا گیا۔ معاملہ سنگین صورت اختیار کر گیا اور مقتول کے ورثا کو قصاص کا پورا حق حاصل تھا۔ ایسے نازک لمحے میں قاتل کی کم سن بچیاں قرآنِ مجید اٹھائے مدعی کے گھر پہنچیں اور اپنے والد کی جان بخشنے کی اپیل کی۔ مدعی خاندان نے قرآنِ کریم کو نہایت ادب و احترام سے تھاما، اس کی حرمت کو مقدم رکھا اور اسی واسطے پر قتل معاف کر دیا۔ نہ کوئی مالی مطالبہ کیا گیا اور نہ کسی قسم کی شرط رکھی گئی۔ بلکہ ان بچیوں کے سروں پر چادریں ڈالیں، انہیں تسلی دی اور اپنی طرف سے نقد رقم بھی عطا کی۔
یہ واقعہ اس بات کی روشن مثال ہے کہ انسانیت ابھی زندہ ہے۔ جب دلوں میں خوفِ خدا اور قرآن کی عظمت جاگزیں ہو تو انتقام کی جگہ درگزر لے لیتا ہے، اور نفرت کے بجائے رحم جنم لیتا ہے۔ ایسے ہی فیصلے معاشروں کو ٹوٹنے سے بچاتے اور انسان کو انسان کے قریب لاتے ہیں۔