19/10/2026
*زندگی کتنی ہے؟*
ایک بچہ پیدا ہوتا ہے تو اُس کی مٹھیاں بند ہوتی ہیں، جیسے پوری دنیا کو پکڑ لینا چاہتا ہو۔ اور جب انسان دنیا سے جاتا ہے تو اُس کے ہاتھ کھلے ہوتے ہیں، جیسے کہہ رہا ہو کہ دیکھو، میں کچھ بھی ساتھ نہیں لے جا رہا۔
ان دونوں لمحوں کے درمیان جو کچھ ہوتا ہے، اُسی کا نام زندگی ہے۔
ہم ساری عمر دوڑتے رہتے ہیں۔ زمین کے ایک ٹکڑے کے لیے بھائی بھائی سے لڑ پڑتا ہے۔ چند روپوں کے لیے برسوں کی دوستیاں ٹوٹ جاتی ہیں۔ عہدے کے لیے لوگ اپنا ضمیر بیچ دیتے ہیں۔ ہم بڑے گھر بناتے ہیں، بینک بھرتے ہیں، اور سمجھتے ہیں کہ یہ سب ہمیشہ ہمارا رہے گا۔
کہا جاتا ہے کہ سکندرِ اعظم نے وصیت کی تھی کہ اُس کا جنازہ لے جاتے وقت اُس کے ہاتھ کفن سے باہر رکھے جائیں، تاکہ دنیا دیکھ لے کہ آدھی دنیا فتح کرنے والا بھی خالی ہاتھ جا رہا ہے۔
کفن کی کوئی جیب نہیں ہوتی۔ قبر میں نہ کوئی جائیداد جاتی ہے، نہ کوئی بینک بیلنس، نہ کوئی عہدہ۔
تو پھر ساتھ کیا جاتا ہے؟ صرف اعمال۔ وہ نیکی جو آپ نے کسی بھوکے کو کھانا کھلا کر کی۔ وہ دعا جو کسی یتیم کے دل سے آپ کے لیے نکلی۔ وہ علم جو آپ نے کسی کو سکھایا۔ وہ اولاد جسے آپ نے اچھا انسان بنایا۔
اس کا مطلب یہ نہیں کہ محنت چھوڑ دی جائے یا دنیا سے منہ موڑ لیا جائے۔ کمائیے، آگے بڑھیے، اپنے گھر والوں کے لیے اچھا کیجیے۔ مگر دنیا کو ہاتھ میں رکھیے، دل میں نہیں۔
جس چیز کے لیے آج آپ کسی سے لڑ رہے ہیں، ایک لمحہ رک کر سوچیے: کیا یہ اُس رشتے سے زیادہ قیمتی ہے؟ کیا یہ میرے ساتھ قبر تک جائے گی؟
ہاتھ تو سب کے خالی جاتے ہیں۔ کوشش کیجیے کہ نامۂ اعمال نیکیوں سے بھرا ہوا جائے۔نامہ اعمال خالی نہ ہو